بھٹکل:7؍ فروری (ایس اؤ نیوز ) بھٹکل ہوناور ودھان سبھا انتخابات کا بہتر مقابلہ کرنے کے سلسلےمیں جنتا دل سکیولر(جے ڈی ایس )پارٹی اپنے طور پر تیاریوں میں مصروف ہے۔ جبکہ 9فروری کو جےڈی ایس لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ کمار سوامی کی قیادت والی پنچ رتنا یاترا بھٹکل پہنچ رہی ہے۔ اس بات کی اطلاع بھٹکل جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری نےدی۔
پریس کانفرنس میں بات کرتےہوئے انہوں نے کہاکہ جےڈی ایس کی پنچ رتنا یاتر ا9فروری کو شام 3بجے ہوناور، کاسرکوڈسرکل ، ماوین کٹا، مرڈیشور ہوٹل ہائی لائنڈ ، مرڈیشور گیٹ، بستی اترکوپا کراس، شرالی ، تنگنگنڈی کراس ہوتے ہوئے بھٹکل شمس الدین سرکل پہنچے گی اور یہاں سے ہوتےہوئے پرانے بس اسٹائنڈ کے قریب واقع میدان میں داخل ہوگی ۔ جہاں شام 6بجے بڑے پیمانےپر جلسہ کا انعقاد ہوگا۔ عنایت اللہ شاہ بندری نے عوام الناس سے اس جلسہ میں کثیر تعداد میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔
موگیر، گونڈا مسائل کا حل:گذشتہ کئی مہینوں سے موگیر طبقہ کاسٹ سرٹیفکٹ کےلئے دھرنا پر بیٹھے ہیں، لیکن ابھی تک ان کا مسئلہ حل نہیں ہوا ہے۔ جے ڈی ایس اقتدار پر آتی ہے تو خود موگیر اور گونڈا طبقات کے لیڈران کو لےکر وزیر اعلیٰ کےپاس لےجا کر مسئلہ کا حل نکالنےکی کوشش کرنے کا عنایت اللہ شاہ بندری نے تیقن دیا۔ اسی طرح بھٹکل ہوناور حلقہ میں اتی کرم داروں کا مسئلہ بھی جوں کا توں باقی ہے، اس تعلق سے بھی جےڈی ایس کی طرف سے توجہ دینےکی بات کہی۔ چوتھنی، سرابی ندی میں مٹی بھر جانےسے عوام کو کافی پریشانی لاحق ہورہی ہے۔ منکال وئیدیا اورسنیل نائک کو عوام نے ایک ایک موقع دے کر دیکھ چکے ہیں ، اس لئے عوام اب تبدیلی چاہتی ہے، یہی وجہ ہے کہ میں اگر انتخابات میں حصہ لوں گا تو مجھے اُمیدہے کہ عوام کی طرف سے بھرپور ساتھ ملے گا۔ پریس کانفرنس میں جے ڈی ایس یوتھ لیڈر پانڈونائک، کرشنانند پائی ، گنپتی بھٹ، زین العابدین ، دیویا نائک وغیرہ موجود تھے۔
پریس کانفرنس سے صدر غائب :کمار سوامی کی قیادت والی پنچ رتنا یاترا کا استقبال کرنےکے متعلق جانکاری دینےکےلئے منعقدہ جے ڈی ایس کی پریس کانفرنس میں بھٹکل جےڈی ایس کے صدر اور عہدیداران وغیرہ غائب تھے۔یاد رہے کہ بھٹکل جےڈی ایس صدر وکیل راج وردھن نائک ہیں، لیکن وہ پریس کانفرنس میں موجود نہیں تھے۔